پاکستان نے افغانستان سے پہلی بار ٹی 20 سیریز ہاری ہے۔ اس تاریخی شکست پر سابق کپتان شاہد آفریدی کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔
شارجہ میں کھیلی جا رہی تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے ابتدائی دو میچز جیت کر افغانستان سیریز میں نہ صرف فیصلہ کن برتری بلکہ پاکستان سے پہلی بار سیریز جیتنے کا تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس شکست پر جہاں پاکستان کے دیگر سابق کرکٹرز تنقید کر رہے ہیں وہیں شاہد آفریدی نے اس پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے افغانستان کے خلاف سیریز میں شکست کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے پاک افغان سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف کی ہے۔
سابق کپتان نے لکھا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا قابل تعریف ہے۔
بوم بوم آفریدی نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر بھروسہ کرنا پی سی بی کا اچھا اقدام ہے لیکن سینیئر کھلاڑیوں کو بینچ پر بٹھانے کے بجائے نئے کھلاڑیوں کے ساتھ ہونا چاہیے تھا تاکہ وہ فیلڈ کا تجربہ حاصل کرسکتے۔
Well played @ACBofficials congrats on the win, and @rashidkhan_19 you were amazing as always. Good move my @TheRealPCB to believe in the upcoming talent but they should have been accompanied by senior players to transfer on field experience and not sit on the bench #PakvsAfg
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) March 26, 2023
شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹ میں افغانستان کے اچھے کھیل کی تعریف اور جیت پر افغان ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہترین کرکٹ کھیلی اور راشد خان ہمیشہ کی طرح شاندار رہے ہیں۔