The news is by your side.

Advertisement

اپنی باری آنے پر ہی ویکسین لگواؤں گا، شاہد آفریدی

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میں اپنی باری آنے پر ہی کرونا ویکسین لگواؤں گا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے  علاقے کلفٹن میں واقع نجی اسپتال میں روسی ویکسین اسپوتنک لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے اس ویکسین کی دوخوراکوں کی قیمت 12 ہزار 268 روپے مقرر کی گئی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کلفٹن میں واقع ساؤتھ سٹی اسپتال میں قائم ہونے والے ویکسین سینٹر پہنچے جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے نجی اسپتالوں کو ویکسینیشن کی اجازت دے کر اچھا کام کیا، اب لوگ یہاں آکر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پچاس سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے، میں اپنی ایج ٹرن پر ہی ویکسین لگواؤں گا۔ سابق کپتان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور فیس ماسک ضرور پہنیں۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت کی اجازت کے بعد کراچی کے او ایم آئی، ساؤتھ سٹی اور ضیا الدین اسپتال میں کرونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، جہاں ہر عمر کا شہری پیسے ادا کر کے ویکسین لگوا سکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق نجی طورپر ویکسین لگانے سے سرکاری اسپتالوں پر دباؤ کم ہوگا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں