بالی ووڈ اداکار شاہد کپور نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں بلاک بسٹر فلم ’کبیر سنگھ‘ کے بعد اچھے کردار نہیں ملے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار شاہد کپور نے اپنی آنے والی فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ کے ٹریلر لانچ ایونٹ میں کیریئر میں درپیش چیلنجز سے متعلق اظہار خیال کیا۔
شاہد کپور نے کہا کہ وہ مستقبل میں پرلطف کردار ادا کرنا چاہیں گے، رومانوی فلمیں بنانا سب سے مشکل کام ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ مجھ سے کہتے ہیں اور فلمیں کرو لیکن اسکرپٹ تلاش کرنا اتنا مشکل ہے آپ کو لگتا ہے کہ آپ ناظرین کو کچھ نیا پیش کرنے جارہے ہیں، رومانوی فلمیں کرنا سب سے مشکل کام ہے۔
شاہد کپور نے کہا کہ فلم کبیر سنگھ میرے لیے ایک نیا اور چونکا دینے والا تجربہ تھا اس کے بعد کیریئر میں اس طرح کا کوئی دلچسپ واقعہ نہیں ہوا۔
اداکار نے کہا کہ جب میں کبیر سنگھ کی تو یہ کردار میرے لیے نیا تھا لیکن اس کے بعد میں نے کوئی دلچسپ بات نہیں سنی، ہمیں ایک ایسی ہی محبت کی کہانی سنانی ہوگی جو پہلے نہیں بنائی گئی ہو۔
واضح رہے کہ شاہد کپور اور کریتی سینن کی فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ 9 فروری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس میں دکھایا گیا کہ آریان کی سیفرا سے شادی ہوجاتی ہے جو انتہائی ذہین خاتون روبوٹ ہے۔