مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی لندن پہنچ گئے جہاں ان کی پارٹی کے قائد نواز شریف سے ون آن ون ملاقات جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہد خاقان عباسی نواز شریف سے ملاقات کیلیے لندن میں حسن نواز کے دفتر پہنچے۔ یہ ون آن ون ملاقات ہے جس میں دوسرا کوئی شامل نہیں۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ بھی لندن میں موجود ہیں لیکن وہ بھی اس ملاقات کا حصہ نہیں۔
ملاقات سے قابل سابق وزیر اعظم نے میڈیا کو بتایا کہ آج نواز سے ملاقات میں پاکستان کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نجی دورے پر لندن پہنچے ہیں جبکہ وہ آج شام یہاں سے پیرس کیلیے روانہ ہوں گے، پیرس میں ان کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے۔
شاہد خاقان عباسی نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔
6 جون کو اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ میں اپنی جماعت کے ساتھ کھڑا ہوں جبکہ ہمارا کوئی ہم خیال گروپ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی مدت پوری ہونی چاہیے، الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، پنجاب کے مسئلے کو جس طرح ہینڈل کیا گیا وہاں سے ابہام پیدا ہوا، آئین کے مطابق اسمبلی کی تحلیل درست تھی یا نہیں جواب نہیں ملا۔
سابق وزیراعظم نے ٹیکنو کریٹس سیٹ اپ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیکنوکریٹس ملک چلا سکتے ہیں اور نہ مسائل حل کر سکتے ہیں، مسائل حل کرنے کیلیے سیاستدانوں کو ہی دیکھا جاتا ہے۔