کوئٹہ : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نوازشریف کے اعلان کردہ منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے اوربلوچستان کے ہر ضلعی ہیڈ کوارٹر میں گیس کا منصوبہ بنایا جائیگا، انہوں نے کہا کہ کسی ادارے کے ساتھ نہ کوئی محاذ آرائی ہے اور نہ ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال، قادر بلوچ، وزیر اعلیٰ و گورنربلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ بھی موجود تھے۔
سیکیورٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج اجلاس میں تین اہم نکات پر بات چیت ہوئی اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال پرغور ہوا۔
اجلاس میں امن وامان سے متعلق فیصلے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کے اعلان کردہ منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا، ہرضلعی ہیڈ کوارٹر میں گیس کا منصوبہ بنایاجائیگا، ٹیوب ویلزکو سولر پینل پر لانے کیلئےاقدامات ہونگے۔
ڈیمزسےمتعلق ماضی کے منصوبوں کوبھی جاری رکھاجائیگا، انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کا منصوبہ کئی عشروں سے التوا کا شکار تھا، ہفتہ دس دن میں کچھی کینال کا منصوبہ مکمل ہوجائے گا، بی آئی ایس پی پروجیکٹ کو بھی مزید پھیلایا جائے گا، امید ہے، بلوچستان جلد ہی پاکستان کا امیر ترین صوبہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں سی پیک کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اپنا دفاع کرنا ہرفرد اور ادارے کا حق ہوتاہے، ہم بھی اپنا دفاع کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ آصف زرداری کس چیز کی بات کر رہے ہیں، ملک و قوم کی بہتری کیلئے ڈائیلاگ ہوتے رہیں گے، آصف زرداری کوبھی شامل ہوناچاہئیے۔