مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آئین بڑا واضح ہے، پارلیمان کے پاس حق ہے کہ سپریم کورٹ کے اختیارات کو محدود کر دے۔
نجی نیوز چینل کے ٹاک شوز میں شاہد خاقان عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان سپریم کورٹ کے اختیارات پر قانون سازی کر سکتا ہے، جب سپریم کورٹ پارلیمان میں مداخلت کرے گی تو پارلیمنٹ بھی سپریم کورٹ میں مداخلت کرے گی۔
شاہد خاقان عباسی نے اس دوران یہ بھی کہا کہ عام انتخابات تب ہی ہوں گے جب عدم اعتماد آئے یا پھر اسمبلی تحلیل ہو۔
خیال رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے اپنے ٹوئٹ میں پی ڈی ایم کو سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرنے تجویز دی تھی۔ اس ٹوئٹ کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ری ٹوئٹ کیا۔
ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا: ’ارکان پارلیمنٹ اور پی ڈی ایم آپ اگر طاقت کا توازن بحال کرنا چاہتے ہیں تو فیصلہ کرنے کا وقت آگیا ہے، آئین کا آرٹیکل 191 پڑھیں جو سپریم کورٹ کارروائی کا طریقہ کار طے کرتا ہے‘۔
Parliamentarians/ PDM , if you really care about restoring balance of powers then read Art 191 and act decisively. Or stop grumbling. pic.twitter.com/3mTyIRjr3L
— Farhatullah Babar (@FarhatullahB) July 26, 2022