منگل, مارچ 18, 2025
اشتہار

وزیراعظم کا اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیرحل کرنےکا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

نیو یارک : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ کردیا، وزیر اعظم نے یو این سیکریٹری جنرل کو بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نے سیکریٹری جنرل یواین کے سامنے مقبوضہ کشمیرکا معاملہ اٹھادیا۔

وزیر اعظم نے انتونیو گوتریس کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں پر ڈوزیئر دیا، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر کا مسئلہ حل کرانے میں کردار ادا کرنے کیلئے کشمیر میں خصوصی نمائندے کا تقرر کرے۔

شاہد خاقان نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند کر رکھے ہیں، رواں سال بھارت600بار سیز فائر کی خلاف ورزی کرچکا ہے، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے آج بھی4افراد جان سے گئے۔

وزیراعظم نے پاکستان بھارت کیلئے یو این فوجی مبصر گروپ میں توسیع کا مطالبہ بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے یواین سیکریٹری جنرل سے افغانستان اور روہنگیا کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔

ملاقات میں افغانستان میں امن کیلئے مذاکراتی عمل کی اہمیت پراتفاق کیا گیا، وزیر اعظم نے میانمار میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان میرے دل کےبہت قریب ہے، پاکستان کا کئی باردورہ کرچکا ہوں۔

انتونیوگوتریس نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستانی اقدامات کا عینی شاہد اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کادل سےمعترف ہوں۔

انتونیو گوتریس کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کا استحکام قابل تعریف ہے، انہوں نے اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستان کے کردار پراظہار تشکرکیا، اس موقع پر انتونیوگوتریس نے سابق وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کا بھی تذکرہ کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں