بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

وزیراعظم نے لیاری ایکسپریس وے کا افتتاح کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لیاری ایکسپریس وے کے نارتھ باؤنڈ کیرج وے کا افتتاح کردیا،  منصوبہ 10ارب روپے کی لاگت سے تیارکیاگیا جس میں 4 انٹر چینج اور 20 پُل شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی پہنچنے کے بعد گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سے ملاقاتیں کیں اور شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت ، امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’لیاری ایکسپریس وے بہت مشکل منصوبہ تھا جس کا افتتاح کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہورہی ہے، منصوبہ مکمل ہونے پر شہریوں کو مزید سہولت ملے گی‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’لیاری ایکسپریس وے کا منصوبہ مشکلات کا شکار رہا اس لیے رقم اور وقت زیادہ لگا، بدقسمتی سے 5 ارب  کا منصوبہ 10 ارب میں مکمل ہوا اور عوام کو 10 سال کا طویل انتظار بھی کرنا پڑا‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’ایم نائن موٹروے بھی آخری مراحل میں ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی بدولت 1700 کلومیٹر کے روٹ پر تیزی سے کام جاری ہے، آج جس منصوبے کا افتتاح کیا اُس کے فوائد سے تمام لوگ بہتر طریقے سے واقف ہیں‘۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ’ہم سب کو مل کر کراچی کے مسائل حل کرنا ہے، وفاق، سندھ حکومت اور شہری حکومت مل کر شہر کے لیےکام کررہی ہے جس کے ثمرات جلد عوام کو ملیں گے’۔

ایف ڈبلیو او اور چیئرمین این ایچ کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی جس کے مطابق منصوبے میں 4 انٹرچینج اور 20 پُل شامل ہیں، باقاعدہ افتتاح کے بعد سے کراچی کے ٹریفک کی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعظم کے ہمراہ گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی موجود تھے، تینوں شخصیات نے لیاری ایکسپریس وے مکمل ہونے پر مبارک باد بھی پیش کی۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں