پیر, جنوری 27, 2025
اشتہار

بھارت کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے، فوری جواب دینے کا کہا تھا، شاہد لطیف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : دفاعی تجزیہ کار شاہد لطیف کا کہنا ہے کہ بھارت کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستانی حدود عبور کریں گے تو پاکستان کارروائی نہیں کرے گا، ہم اپنے دفاع کا بھرپور حق رکھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دفاعی تجزیہ کار شاہد لطیف نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اسٹریجی ہمیشہ سے دفاع کی ہے لیکن بھارت ہمیشہ جارحیت کی پالیسی اختیار کرتا ہے، جو برسوں سے کشمیر ہورہا ہے وہ بھارتی جارحیت ہے۔

شاہد لطیف کا کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ نے ہمارے علاقے کو کراس کرکے ایل او سی کی خلاف ورزی کی جس کی اجازت نہیں ہے، ہم نے اپنے دفاع میں بھارتی طیارے مارے ہیں اور ہم اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

- Advertisement -

بھارت نے ایک روز قبل جو سرجیکل اسٹرائیک کی تھی وہ جھوٹ پر مبنی تھی اور کسی کو دکھانے کے قابل نہیں تھی اور نہ دکھائی گئی لیکن پاکستان نے جو دفاعی کارروائی کی وہ دن کی روشنی میں کی اور دنیا نے اسے دیکھا ہے۔

دفاع تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ کل بھارتی فضائیہ کی قسمت اچھی تھی اس لیے وہ بھاگنے میں کامیاب ہوگئے لیکن آج ان کی قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور وہ پاکستانی فضائیہ کا نشانہ بن گئے۔

پاکستانی ایئر فورس نے دن کی روشنی میں کارروائی کی ہے ہمارے جہاز ہوا میں موجود تھے جیسے ہی بھارتی فضائیہ نے حرکت کی ہم نے انہیں مار گرایا۔

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی علاقے میں گرنے والے جہاز کے ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ایک روز قبل بھارتی طیاروں نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی کی تھی تاہم پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کی اور بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ بھارتی طیارے جاتے ہوئے اپنا پے لوڈ جنگل میں گرا کر چلے گئے۔

فضائی دراندازی کی کوشش میں بری طرح منہ کی کھانے کے بعد بھارت نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور ایک بچہ شہید ہوگئے جبکہ 11 شہری زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق بزدل بھارتی فوج نے ایل او سی سے متصل عباس پور، چڑھوئی، کھوئی رٹہ، نتھیال، درہ شیر خان، بھمبر اور جھمپ سیکٹر پر گولہ باری کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تاہم پاکستانی فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں