ہفتہ, دسمبر 21, 2024
اشتہار

’مولانا فضل الرحمان کو دعائیں دیں جنہوں نے آئینی ترامیم کو روک لیا‘

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو دعائیں دیں جنہوں نے آئینی ترامیم کو منظوری سے روک لیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے سوال ہے کیا آپ عوام کے مسائل کوحل کر سکے؟ کیا موجودہ حکمران اپنی حکومت سے مطمئن ہیں؟ آج کل سیاست کرسی حاصل کرنے کا نام رہ گئی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ ملک سب کا ملک ہے کسی حلقے یا ادارے کا نہیں ہے، جہاں آج ملک کھڑا ہے کیا ہم مطمئن ہیں؟ ہم بنیادی غلطیاں دہرا رہے ہیں، اس ملک کو آگے بڑھانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اس کو آئین کے مطابق چلائیں اور کسی کو اختلاف نہیں ہوگا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ آئین کو ایک طرف کر دیں اور ملک چلتا رہے، آئین کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں، آج 12 اکتوبر ہے آج سے 25 سال پہلے جمہوری حکومت کو گھر بھیجا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ایسا کیا ہوگیا ہے کہ حکومت آئینی ترامیم کرنے جا رہی ہے، آئین حکومت اور عوام کے درمیان ایک معاہدہ ہوتا ہے، آئینی ترامیم کرنے جو جا رہے ہیں ان کا حق ہی نہیں ہے۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سیاست ملک سے لینے کا نام نہیں دینے کا نام ہے۔

’ملک کا نوجوان مایوس ہو چکا ہے۔ ملک سیاسی عدم استحکام کی طرف بڑھتا جا رہا ہے۔ ملک میں سیاسی عدم استحکام ہوگا تو معیشت ترقی نہیں کرے گی۔ سیاسی دشمنی کا نام نہیں جمہوریت میں ہر کسی کو بولنے کا حق ہوتا ہے۔ جمہوریت کا مطلب یہ بھی نہیں کہ صوبائی حکومت وفاق پر چڑھائی کرے۔‘

 انہوں نے کہا کہ جلسہ روکنے کیلیے کنٹینرز لگانے اور تشدد کی بھی آئین اجازت نہیں دیتا، وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا جہاں عوام کی رائے کا احترام نہ ہو اور الیکشن چوری ہو، کیا نااہل اور کرپٹ لوگوں کو پارلیمنٹ میں بٹھا کر ملک ترقی کر سکتا ہے؟

’ہمیں ملک میں اتحاد اور اتفاق پیدا کرنے والی سوچ کی ضرورت ہے۔ حکمران عوام کی بات سننے کو تیار نہیں ہر مرتبہ نیا ماڈل لایا جاتا ہے۔‘

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں