پشاور :شہرام خان ترکئی اورانورزیب خان نےبطورصوبائی وزیرحلف اٹھالیا، گورنر کے پی شاہ فرمان نے دونوں وزرا سے حلف لیا، شہرام ترکئی ،انورزیب خان کو محکمے بعدمیں الاٹ کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کردی گئی ، گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں 2 وزرا کی تقریب حلف برداری ہوئی ، جس میں شہران خان ترکئی اور انور زیب خان نے بطورصوبائی وزیرحلف اٹھایا، گورنر کے پی شاہ فرمان نے دونوں وزرا سےحلف لیا، وزیراعلیٰ کے پی محمودخان بھی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے۔
شہرام ترکئی اور انورزیب خان کو محکمے بعدمیں الاٹ کیے جائیں گے ، انور زیب خان کا تعلق قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل خار سے ہے۔
خیال رہے جنوری میں اختلافات کی بنیادپرشہرام ترکئی،محمدعاطف،شکیل احمد سے قلمدان لئےگئے تھے ، برطرف وزراپر کابینہ کے فیصلوں سے اختلاف اور پریشر گروپ بنانے کا الزام تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ شہرام ترکئی اور محمدعاطف کی کارکردگی صوبائی حکومت کیلئے شرمندگی کی وجہ بنتی رہی، وزیراعلیٰ کی باربار توجہ دلوانے کےباوجود دونوں وزیر ٹس سے مس نہ ہوئے اور مسلسل ناکامیوں کے بعد وزیر اعلیٰ نے دونوں وزرا کو فار غ کیا۔
عاطف خان وزیر کلچر، سیاحت اور کھیل کے وزیر تھے، شہرام خان ترکئی بطور صوبائی وزیر صحت کام کرر ہے تھے جبکہ شکیل احمد صوبائی وزیر برائے ریونیو کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔
بعد ازاں 5 ماہ بعد اختلافات ختم اور غلط فہمیاں دور ہونے کے بعد شہرام ترکئی کو کابینہ میں دوبارہ شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔