اپنی اداکاری سے کنگ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ایک وقت میں خود کو بہت برا اداکار سمجھنے لگے تھے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی میں میں منعقدہ تیسری گلوبل فریٹ سمٹ کے دوران بالی ووڈ سپراسٹار نے کیریئر کے شروع میں اپنی اداکاری سے متعلق سوچ آشکار کی، کنگ خان نے انکشاف کیا کہ وہ شروعات میں ہی بالی وڈ کو مکمل طور پر خیرباد کہنے کا سوچ چکے تھے۔
اپنے کیریئر کے آغاز میں سیٹ پر میں خود بہترین اداکار سمجھ رہا تھا تاہم مجھے جلد احساس ہوگیا کہ سیٹ پر موجود ہر شخص مجھ سے بہتر اداکاری جانتا ہے، اس کے بعد میں نے دہلی واپس جانے کیلئے پہلی فلائٹ بک کروالی اور ایئرپورٹ بھی پہنچ گیا۔
شاہ رخ خان نے اپنے جذباتی پن کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ میں اس وقت اپنے گھر لوٹ جانا چاہتا تھا اور مجھے احساس ہونے لگا تھا کہ میں ایک بہت برا اداکار ہوں۔
سپراسٹار نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ روزانہ آپ کو کچھ نہ کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے، میں نے ہمیشہ سیکھا جس نے مجھے احساس دلایا کہ مجھ میں کیا برائی ہے۔
شاہ رخ کا کہنا تھا کہ کیرئیر کو 35 سال ہوگئے اور اس دوران جب بھی میں سیٹ پر گیا، مجھے احساس ہوا کہ بہت سی چیزیں ہیں جو مجھے اب بھی سیکھنی ہیں۔
خیال رہے کہ شاہ رخ خان کو بالی ووڈ کا کنگ کہا جاتا ہے اور وہ صرف بھارت اور پاکستان ہیں نہیں بلکہ پوری دنیا میں مشہور ہیں مغربی دنیا میں انھیں بالی ووڈ کے چہرے سے بھی تشبیح دی جاتی ہے۔