لندن : وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے سامراجی قوت نافذ کردی، مسئلہ کشمیر کا حل اب ضرور نکلے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے یوم سیاہ کے موقع پر کہا مسئلہ کشمیرایک مرتبہ پھرعالمی پلیٹ فارم پر آچکا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیرکی حیثیت یکطرفہ طورپرختم کی۔
شہزاداکبر کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے سامراجی قوت نافذ کردی، اقوام متحدہ کا خصوصی اجلاس بلایا جا چکا ہے، مسئلہ کشمیر کا حل ضرور نکلے گا۔
معاون خصوصی نے مزید کہا پاکستانی حکومت، فوج کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اورکسی بھی حدتک جانے کو تیار ہے۔
خیال رہے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کشمیریوں سےاظہاریکجہتی کیلئے تاریخی احتجاج کیا جارہا ہے، برطانیہ بھر سے مظاہرین بھارتی ہائی کمیشن کےسامنےاحتجاج میں شریک ہیں۔
بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج میں سکھ برادری اوربرطانوی شہری، ہندوبرادری اوردیگرمذاہب کےلوگ بھی موجود ہے۔
خیال رہے پاکستان بھر میں بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر آج یوم سیاہ منا یا جارہا ہے ، یوم سیاہ پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد میں سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرنگوں ہیں۔
واضح رہے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ 15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔