کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے ڈیفنس میں شاہ رخ جتوئی کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان شاہ زیب کے والد اورنگزیب خان نیوزی لینڈ میں انتقال کر گئے۔
شاہ زیب کے والد اورنگزیب خان سندھ پولیس کے ایس پی بھی تھے۔ وہ مختصر عرصے سے علالت کا شکار تھے۔ ان کی تدفین آج آکلینڈ میں ہی کی جائے گی۔
اورنگزیب خان کے ساتھیوں کے مطابق وہ حال ہی میں تعطیلات پر گئے تھے جہاں ان کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ انتقال کر گئے۔
اورنگزیب خان آج کل اے ڈی آئی جی کرائم برانچ کے عہدے پر تعینات تھے۔
یاد رہے کہ 25 دسمبر سنہ 2012 میں مقتول شاہ زیب خان کی بہن کے ساتھ شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوست غلام مرتضیٰ لاشاری کی جانب سے بدسلوکی کی گئی جس پر شاہ زیب مشتعل ہو کر ملزمان سے بھڑ گیا۔
موقع کے وقت معاملے کو رفع دفع کردیا گیا تاہم شاہ رخ جتوئی نے بعد ازاں دوستوں کے ساتھ شاہ زیب کی گاڑی پر فائرنگ کر کے اسے قتل کردیا۔
کچھ عرصہ قبل سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت تمام گرفتار افراد کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس پر سول سوسائٹی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔
مارچ میں چیف جسٹس آف پاکستان نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 3 رکنی بینچ تشکیل دیا تھا اور سماعت پر ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے ساتھ انہیں دوبارہ حراست میں لینے کا حکم دیا تھا۔