منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو اہم مشورہ دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میری ذاتی رائے ہے کہ اس وقت عمران خان کی جتنی مقبولیت ہےتو الیکشن کی طرف جاناچاہیے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم تو شاید دس ماہ بھی حکومت نہ کرسکتے لیکن اپوزیشن نے اپنی بیوقوفی سے ہمیں چار سال دے دیئے، ناکام اپوزیشن کی وجہ سے اب اگلی بار بھی ہمیں ہماری نظر آرہی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ان دنوں بہت مقبول ہوئے ہیں، اسلام آباد کی فضا عمران خان کےحق میں بدل چکی ہے، وزیر اعظم کو گورنر راج کی تجویز دی جو مسترد کردی گئی، میری رائے ہے کہ وقت سے پہلے انتخابات کی طرف جانا چاہیے، عمران خان کو کہا ہے کہ غریب دوست بجٹ پیش کریں اور اس کے فوری بعد الیکشن کی جانب جانا چاہیے۔

نیوز کانفرنس میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میرے پاس خبروں کا سمندر ہے، کچھ لوگ اوا ٓئی سی اجلاس کو ناکام بناناچاہتےتھے، عدم اعتماد کی تحریک کے بعد اس حوالے سےمزید تفصیلات دوں گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 27 مارچ کو تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ ہے، پاکستان بھر سے قافلے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں، پی ٹی آئی کی ریلیوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، میں 10 لاکھ افراد تو نہیں لا سکتا لیکن دعویٰ کرتا ہوں کہ میرا شہر عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، راولپنڈی سے ریلی سب سے بڑی ریلی ہوگی، اس شہر کے باسی غداری کو نہیں وفاداری کو دیکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ کا قتل کیس میں ملوث رکن قومی اسمبلی کو گرفتار کرنے کا اعلان

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزارتِ داخلہ کو اختیار ہے کہ وزیرِ اعظم اور کابینہ کی منظوری سے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کر سکتی ہے، اللّٰہ کرے وہ وقت نہ آئے، امید ہے نہیں آئے گا، کوئی ملک دشمن بھی شرارت کر سکتا ہے، ہمیں پوری کوشش کرنی ہے کہ اگر خدانخواستہ کوئی ٹکراؤ ہو گا تو اس کی رپورٹ ہم نے سپریم کورٹ کو کر دی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں