لاہور : وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری جانتے ہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہونے والا ہے اسی لیے جلسے جلوسوں پر چلے گئے ہیں مگر لوگ ان کے لیے نہیں نکلیں گے، فالودے والے کا کیس آیا تو لگ پتا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پیپلز پارٹی کے حیدرآباد میں ہونے والے جلسے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو اپنا نامہ اعمال نظر آرہا ہے۔
زرداری جانتے ہیں کہ اب ان کے ساتھ کیا ہونے والاہے، اسی لیے وہ جلسےجلوس کررہے ہیں کہ لوگ انہیں بچالیں گے۔ آصف زرداری کو معلوم ہے کہ فالودے والا اور ویلڈنگ والا کون ہے؟
انہوں نے کہا کہ سندھ کی قیادت کے ملازمین اور ڈرائیوروں کے 4، 4 ٹاور نکل رہے ہیں، جلسے کرنے سے پیپلز پارٹی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، فالودے والے کا کیس آیا تو لگ پتا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار جو کام کر رہے ہیں اس کے لیے پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بھی کہنا ہے کہ زرداری اپنے دور حکومت کے سو دن کے بجائے اپنی سیاست کے آخری سو دن پر توجہ دیں۔ زرداری چاہے جتنے مرضی فلسفے بیان کریں، پوری قوم جانتی ہے کہ پیسہ کس نے لوٹا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جوکام ضیاءالحق نہ کرسکے، وہ کام آصف زرداری نے کیا، زرداری نے پیپلزپارٹی کو قومی جماعت سے علاقائی جماعت بنا دیا ہے، قوم پوچھتی ہے آپ کو قوم کا پیسہ لوٹنے کا حق کس نے دیا؟