کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت کرت ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے بلاول کی سیاسی موت کا ذکر کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے دو روز قبل اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کر کے کہا تھا کہ ’بلاول اگر سیاسی میدان میں بچ کر نہیں چلے تو مارے جائیں گے‘۔
اس بیان پر پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ شیخ رشید کا بیان قتل کی دھمکی ہے، پی پی قیادت اسے سنجیدگی سے لے رہی ہے، یہ بہت حساس معاملہ ہے۔
شیخ رشید نے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے پی پی چیئرمین کی سیاسی موت کا ذکر کیا تھا، وہ بلاول کے دشمن نہیں ہیں، اللہ نہ کرے انھیں کچھ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: پی پی رہنما نے شیخ رشید کے بیان کو قتل کی دھمکی قرار دے دیا، مقدمہ درج کرانے پر مشاورت کا فیصلہ
ریلوے وزیر نے کہا ’اب تو بلاول سے صلح بھی ہو چکی ہے، بلاول سے 2 بار صلح ہو چکی، اب کچھ ہوا تو صلح نہیں ہوگی۔‘
خیال رہے کہ پی پی رہنما نے شیخ رشید کے بیان کو بے نظیر بھٹو کو دی جانے والی دھمکی سے مماثل قرار دیا، اور کہا کہ ان کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے قانونی مشاورت جاری ہے۔
پی پی رہنما نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر شیخ رشید کا بیان حکومت کی منشا نہیں تو وہ انھیں کابینہ سے نکال کر ان کے خلاف کارروائی کرے۔
چوہدری منظور نے کہا ’میں پارٹی قیادت کو مشورہ دوں گا کہ دھمکی کے معاملے پر اعلیٰ قیادت کا اجلاس طلب کر کے حکمتِ عملی بنائی جائے۔‘