اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک شخص کا نام ہے جو عمران خان ہے، وہاں کوئی بغاوت نہیں کرسکتا، شریف خاندان کی سیاست ختم ہوگئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف پر18 الزام لگے ہیں وہ ان کا جواب دیں۔
مولانا فضل الرحمن نے حکومت جانے کی بات 3 سال کے بعد آنے والے دسمبر کی کہی ہوگی، مولانا فضل الرحمن کا دھرنا بری طرح ناکام ہوا ہے، مولانا کے ساتھ اُن کی ہم خیال پارٹیاں نہیں چلیں تو قوم اُس کے ساتھ کیسے چلے گی؟
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا نے16دن دھرنا دیا، اُن کی غلط فہمی تھی کہ وہ بہت بڑا قلعہ فتح کرنے جا رہے ہیں، مارچ تک معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں مائنس ون کی کوئی بات نہیں، پی ٹی آئی ایک شخص کا نام ہے جو عمران خان ہے، باقی وہاں سب مائنس ہے وہاں کوئی بغاوت نہیں کرسکتا۔
شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری پر5کیسز ہیں ملوث پارٹیاں پیسے دیں گی، مزید پیسے آنے والے ہیں، پلی بارگین میں پانچوں کیس سیٹل ہو جائیں گے، احتساب میں مزید پنچھی پکڑ لئے جائیں گے اور کچھ پلی بارگین کرلیں گے، مارچ تک معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اتحادیوں کے دباؤ میں ہرگز نہیں ہیں، ایم کیو ایم کہیں نہیں جائے گی،ایم کیو ایم نے برملا بیان دیا کہ ہم حکومت کے ساتھ ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ ق لیگ اور ایم کیو ایم حکومت کے ساتھ ہیں۔