لاہور: وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اس وقت ن لیگ میں شہباز شریف کا بیانیہ ہے، حالات کی وجہ سے نواز شریف نے شہباز شریف کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹر میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف مینج کرنے والا بندہ ہے، انھوں نے نواز شریف اور مریم نواز کو چپ کرایا، شہباز شریف نے پارٹی میں نواز شریف کے بیانیے کو بدلا۔
[bs-quote quote=”میں شاہد خاقان عباسی کو ن لیگ کی سربراہی کرتے دیکھ رہا ہوں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”شیخ رشید” author_job=”وزیر ریلوے”][/bs-quote]
وزیرِ ریلوے کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر 100 فی صد این آر او مانگ رہے ہیں، شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ این آر او مانگ رہے ہیں، وہ تمام معاملات طے کرنے کی کوشش میں ہیں۔
شیخ رشید نے پی اے سی سے متعلق کہا ’فروغ نسیم نے یہ کہا ہے کہ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بن سکتا ہوں، اسد قیصر سے میری کل تین بجے ملاقات ہونی ہے، میرا پی اے سی میں جانا اتنا ضروری ہے جتنا کسی تجربے کار کا۔‘
وزیرِ ریلوے نے کہا ’میں شہباز شریف کا صرف سیاسی مخالف ہوں ذاتی نہیں، اللہ انھیں صحت دے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج بھی کہا این آر او کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، یہ لوگ بھاگنے کی کوشش میں نہیں بلکہ بیچ بچاؤ کی کوشش میں ہیں، خواجہ آصف ٹھیک کہتے ہیں کہ نواز شریف اور مریم نواز خاموشی کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی اجلاس: اپوزیشن نے تاریخی اعلانات پر آسمان سر پر اٹھا لیا
شیخ رشید نے کہا ’نواز شریف کی کوشش ہے کہ مریم نواز زنگ آلود مستقبل میں محفوظ ہو۔ لیکن میں شاہد خاقان عباسی کو ن لیگ کی سربراہی کرتے دیکھ رہا ہوں۔‘
انھوں نے کہا کہ سندھ میں جھاڑو پھرے گا تو یہ مینار پر چڑھ کر کہیں گے ہائے ہم مر گئے، ظلم ہو گیا، پنجاب میں تو پیپلز پارٹی کا کوئی وجود نہیں ہے، چور پکڑے جائیں گے تو سندھ ترقی کرے گا۔