راولپنڈی : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو اس کا ذمہ دار شریف خاندان ہوگا، جان پر کھیل جاؤں گا لیکن کسی کو لال حویلی میں داخل نہیں ہونے دوں گا۔
یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ لال حویلی پر حملہ کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ لال حویلی پر مسلم لیگی کارکنوں کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی۔
میں خود کش سیاستدان ہوں اپنا تابوت کندھے پرلئے گھومتا ہوں، مسلم لیگ نون والوں کی نظروں میں چند دنوں سے کھٹک رہا ہوں اسی وجہ سے ن لیگ والے میرا پیچھا کر رہے ہیں ، مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار شریف برادران ہوں گے۔
لال حویلی مجھے جان سے زیادہ عزیز ہے اگر اسے کچھ ہوا تو اپنی جان پر کھیل جاؤں گا، یہ لوگ ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ کے غنڈوں نے وزیراعظم کے انتخاب کے دوران بھی ان پر حملہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تھانہ وارث خان میں درخواست جمع کرادی ہے درخواست میں ن لیگی یوسی ناظم سمیت کارکنان نامزد ہیں۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کو چند مفاد پرستوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے، میں شہباز شریف کو پیغام دے رہا ہوں کہ انہی مفاد پرستوں نے آپ کو مرکز میں لانے کی مخالفت کی تھی اور یہی لوگ آپ کے ساتھ سازشیں کر رہے ہیں اس لئے آستین کے سانپوں کو پہنچانیں۔