اسلام آباد : وفاقی زویر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہے، وزیراعظم عمران خان منتخب اور مقابلہ کرنے والا آدمی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آئندہ50دن سیاست کیلئےاہم ہیں عمران خان سرخرو ہوں گے،14فروری کو ایرانی وزیر داخلہ بھی پاکستان تشریف لارہے ہیں، اس کے علاوہ وزیراعظم چین کے دورے کے بعد روس کا دورہ بھی کرنے جارہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ وہ اپوزیشن جماعتیں جو کسی بل میں بھی حکومت کو شکست نہ دے سکیں اب ان کے پیٹ میں درد ہورہا ہے، مجھے تو یہ23مارچ کو بھی آتے دکھائی نہیں دے رہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی طور پر یہ اپوزیشن آپ کو کیا پیغام دینا چاہتی ہے، فضل الرحمان ،ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی الگ الگ سیاست ہے، فنانس بل میں بھی ان کے بندوں نے ہمیں ووٹ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے رینجرز، ایف سی و دیگر تنخواہوں میں15فیصد اضافے کا اعلان کیا، ہمارے جوانوں کو اضافی تنخواہ مارچ کے مہینے سے ملے گی، کل درخواست کی دیگر سول سروس کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے۔
وزیر داخلہ اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ عدم اعتماد کے بھی بندے نہیں لاسکتے اپنے بندوں کا خیال کرو ہماری چارپائی کے نیچے جھاڑو دے رہے ہو، اگر ان کو بندے لانے ہوتے توساڑھے3سال پہلے لے آتے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سب سے مضبوط کیسز شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے ہی ہیں، شہباز شریف نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہے، اس کے کیس میں بڑی جان ہے، فیصل واوڈا نااہلی کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے، عمرامین گنڈاپور کو بھی اسٹے ملا ہے امید ہے کہ قانونی حق استعمال کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے افغان طالبان حکومت سےاچھے تعلقات ہیں، افغان طالبان اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، کرناٹک میں کل مسلمان لڑکی نے ہندوستان کی سیاست کو بےنقاب کردیا۔،
میں پہلے دن سے کہتا تھا یہ وہ لوگ نہیں جو ٹی وی پر ہوتے ہیں، ان کی سیاست50دن کی ہے، اس کے بعد عمران خان مزید مضبوط ہوگا، عمران خان کرپشن کیخلاف ایک ہتھیار ہے اس ہتھیار کا نام دیانت ہے،
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی بتائے میری منسٹری کے دوران اسلام آباد میں اگر کرپشن ہوئی ہو، پاکستان میں 70کیسز میگا کرپشن کے ہیں ان کا فیصلہ ہونا چاہیے، حکومت کوشش کرے گی کہ ڈیڑھ سال میں70کرپشن کیسز کا فیصلہ ہو، نیب کی عدالتوں میں کیسز نے کافی وقت لیا ہے۔