پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شائستہ جبین نے شادی نہ کرنے کی وجہ سے مداحوں کو آگاہ کردیا۔
شائستہ جبین پاکستان کی ایک تجربہ کار اداکارہ ہیں، انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز پی ٹی وی کے دور میں ڈراموں سے کیا اور اس کے بعد وہ شوبز انڈسٹری میں ایک بڑا نام بن گئیں تاہم اب وہ اسکرین پر ماں اور ساس کا کردار ادا کرتی نظر آتی ہیں۔
شائستہ جبین حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطورِ مہمان شریک ہوئی تھیں جہاں میزبان نے اداکارہ سے مختلف سوالات پوچھے، اُنہی سوالوں میں سے ایک سوال شائستہ جبین سے یہ بھی پوچھا گیا کہ اداکارہ نے ابھی تک شادی کیوں نہیں کی؟
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ اپنے والدین کی پسند سے شادی کرنا چاہتا تھی، جب میں بہت چھوٹی تھی تو میرے والد کا انتقال ہوگیا پھر میں اپنے گھر کی دیکھ بھال میں لگ گئی اور وقت گزرتا گیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری شادی نہ کرنے کے معاملے پر بہت جھگڑے ہوئے ہیں اور میرے آدھے رشتہ دار مجھ سے ملنا چھوڑ گئے کہ شادی کیوں نہیں کررہی۔
شائستہ جبین نے کہا کہ ’میں نے ابھی تک جتنی بھی شادیاں دیکھی ہیں اُن میں سے چند ہی لوگوں کی شادی شدہ زندگیاں خوشحال گُزر رہی ہیں، کہیں شوہر خراب ہے تو کہیں بیوی، لوگوں کی ناکام شادی شدہ زندگیاں دیکھ کر میں نے سنگل رہنے کا فیصلہ کیا۔
شائستہ جبین نے بتایا کہ آفرز کے باوجود انہوں نے کبھی فلموں میں کام نہیں کیا کیونکہ وہ رومانوی مناظر نہیں کر سکتیں، انہوں نے کہا کہ وہ کسی ایسے شخص کے ساتھ رومانس نہیں کر سکتی جس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔