شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار و میزبان شائستہ لودھی نے تین دن میں بغیر ڈائٹ اور ایکسرسائز کے ایک کلو گرام وزن کم کرنے کا آسان طریقہ بتا دیا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں حال ہی میں اداکارہ شائستہ لودھی نے شرکت کی جہاں میزبان ندا یاسر نے ان سے وزن کم کرنے کے لیے اچھی ڈائٹ سے متعلق سوال کیا۔
جواب میں انہوں نے کہا کہ آپ نے یہ سمجھنا ہے کہ دنیا میں لو سوڈیم اور لو فیٹ ملک جیسی کوئی چیز نہیں ہے۔
شائستہ لودھی نے کہا کہ ’انسان کے لیے نمک کا استعمال ضروری ہے لیکن نمک کی مقدار اور نمک کا معیار ہمارے لیے معنی رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹا سا اور آسان تجربہ آپ سب اپنے ساتھ کرکے آج اپنا وزن کم کرسکتے ہیں اور تین دن کے لیے نمک کا استعمال چھوڑ دیں، اگلے تین دن بعد آپ ایک سے ڈیڑھ کلو اپنا وزن کم دیکھیں گے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کھانے کی ٹیبل سے سفید نمک کا استعمال بالکل ختم کریں اس کے بجائے گلابی نمک کے استعمال کی عادت اپنائیں۔