ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

میچ فکسنگ: آل راؤنڈر پر دو سال کی پابندی عائد

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کرکٹ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن پر دو سال کی پابندی عائد کردی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق شکیب الحسن کو متعدد بار میچ فکسنگ کی پیشکش ہوئی البتہ انہوں نے اس بات سے آفیشلز کو آگاہ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی رپورٹ درج کرائی۔

شکیب الحسن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور بتایا کہ انہیں ماضی میں متعدد بار میچ فکسنگ کی پیش کش کی گئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے شکیب الحسن پر دو سال تک تمام فارمیٹ میں کھیلنے پر پابندی عائد کی البتہ آل راؤنڈر کے اعتراف کے بعد اسے کم کر کے ایک سال کردیا گیا۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل قوانین کے تحت تمام ٹیموں کے کھلاڑی پابند ہیں کہ اگر اُن سے بکی رابطہ کریں تو وہ فوری طور پر آفیشلز کے علم میں یہ بات لے کر آئیں۔

مزید پڑھیں: سرفراز احمد کو میچ فکسنگ پر اکسانے والے شارجہ اسٹیڈیم کے سابق ملازم کو چارج شیٹ جاری

شکیب الحسن نے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے اعتراف کیا کہ ’’مجھے یہ بتاتے ہوئے شرمندگی محسوس ہورہی ہے کہ میں نے بکیز کی جانب سے ہونے والی پیش کش کو چھپایا اور عالمی قوانین کے تحت اپنی ڈیوٹی انجام نہیں دی‘‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’’پوری دنیا میں بہت سارے کرکٹرز اور شائقین کے ساتھ ایسا ہوتا ہے، میں کرکٹ کو کرپشن سے پاک اور صاف دیکھنا چاہتا ہوں اس لیے آج اپنی غلطی کا اعتراف کرتا ہوں اور اس بات کی یقین دہانی کراتا ہوں کہ آئندہ اس قسم کی غلطی نہیں ہوگی‘‘۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق شکیب الحسن کو جنوری 2018 میں ہونے والی سری لنکا، بنگلا دیش اور زمبابوے کی سیریز اور انڈین پریمئر لیگ کے دوران فیچ فکسنگ کی پیش کش ہوئی۔

یاد رہے کہ بنگلادیش کی ٹیم آئندہ ماہ بھارت جائے گی جہاں دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کھیلی جانی ہے، بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے شکیب الحسن کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا البتہ پابندی کے بعد اب وہ کسی بھی میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں