اتوار, جنوری 26, 2025
اشتہار

14 افراد کو کچل کر مارنے والے امریکی فوجی کو پولیس نے کیسے مارا؟ فوٹیج سامنے آ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

نیو اورلینز: امریکی ریاست لوزیانا میں نیو ایئر نائٹ منانے والوں پر بے دردی سے ٹرک چڑھا کر 14 افراد کو کچل کر مارنے والے امریکی شہری شمس الدین جبار کو پولیس نے موقع پر کیسے مارا تھا؟ اس سلسلے میں پولیس ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار کے باڈی کیم کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

سال کے پہلے ہی دن نیو اورلینز حملے سے متعلق باڈی کیم فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ شمس الدین جبار نے اپنے ٹرک کے اندر سے پولیس پر فائرنگ کی تھی، یہاں تک کہ وہ پولیس اہلکاروں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا۔

شمس الدین جبار نے امریکی فوج میں خدمات انجام دیے، اس نے یکم جنوری 2025 کو نیو اورلینز شہر کی مشہور بوربن اسٹریٹ پر جشن منانے والے لوگوں پر کرائے کا ٹرک چڑھا دیا تھا، ایف بی آئی نے کہا ہے کہ جبار دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس آئی ایس/داعش) سے ’’100 فی صد متاثر‘‘ تھا۔

- Advertisement -

نیو اورلینز پولیس کی جانب سے جاری کردہ نئی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ شمس الدین جبار کا ٹرک جب کریش ہوا، تو کئی افسران نے ٹرک کو گھیر لیا، اس وقت اس نے ایئر بیگ کے پیچھے سے پولیس اہلکاروں پر گولیاں چلائیں۔

آفیسر لوئس روبلس کی باڈی کیم ویڈیو میں شمس الدین جبار کے ٹرک کے کھلے دروازے کے پاس کھڑے دو دیگر افسران کو بھی دکھایا گیا ہے، ایک نے پستول سیدھی کر رکھی تھی، اچانک ٹرک کے اندر پستول کی نال سے شعلہ نکلتا ہے اور کئی گولیاں فائر ہوتی ہیں، جن سے بچنے کے لیے افسران خود کو زمین پر گرا دیتے ہیں۔

پولیس کے مطابق مجموعی طور پر تین اہلکاروں نے اپنے ہتھیاروں سے گولیاں چلائیں، جب کہ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ جبار نے کتنی گولیاں چلائیں تھیں۔ ایف بی آئی کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی سے داعش کا جھنڈا اور ایک دیسی ساختہ دھماکا خیز آلہ (آئی ای ڈی) برآمد ہوا تھا۔

ایجنسی نے مزید کہا کہ مشتبہ شخص نے داعش کی حمایت میں ہنگامہ آرائی سے پہلے سوشل میڈیا پر پانچ ویڈیوز پوسٹ کی تھیں۔ یاد رہے کہ اس حملے میں ایک برطانوی شخص ایڈورڈ پیٹیفر، جو ایک سابق شاہی آیا کا سوتیلا بیٹا تھا، بھی مارا گیا تھا، اس کی سوتیلی ماں پرنس ولیم اور پرنس ہیری کی آیا تھیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں