شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالے لگ بھگ ایک سال ہوا ہے جس میں قومی ٹیم کو تیسری بار وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
شان مسعود کو دسمبر 2023 میں قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی کپتانی میں اب تک چار ٹیسٹ سیریز کھیلی گئیں جن میں سے تین میں وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور قومی ٹیم 10 میں سے 8 میچ ہاری ہے۔
شان مسعود کی کپتانی میں پاکستانی ٹیسٹ ٹیم بے بسی کی تصویر بن کر رہ گئی ہے، جس کو آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے بعد اب جنوبی افریقہ نے بھی وائٹ واش کی ہزیمت سے دوچار کر دیا ہے۔
شان مسعود کی قیادت کا سفر آسٹریلیا کے مشکل دورے سے ہوا۔ انہوں نے قوم کو سرپرائز دینے کا اعلان کیا لیکن نتیجہ تین صفر سے ناکامی ہوئی، تاہم پہلا اور مشکل ٹور قرار دے کر جان چھڑا لی گئی۔
بنگلہ دیش جس سے پاکستان کبھی ٹیسٹ میچ بھی نہیں ہارا تھا۔ وہ پاکستان آئی اور ہمیں سرپرائز دے کر چلی گئی۔ بنگلہ دیش ہمیں ہمارے ہی میدانوں میں نہ صرف ٹیسٹ میچ میں پہلی بار شکست دینے میں کامیاب ہوا بلکہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کر کے کاری زخم بھی لگا گیا۔
انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ بڑے مارجن سے ہارے، مگر پھر اسپن فارمولے نے سیریز دو، ایک سے جتوا دی۔
آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ میں وائٹ بال ٹیم کی فتوحات کے بعد فتح کی ٹریک پر آنے اور ٹیسٹ میچز میں بھی کامیابی کی امید ہو چلی تھی لیکن یہاں بھی وائٹ واش ہوگئے۔
سنچورین میں کھیلے گئے پہلے میچ میں جیت کے انتہائی قریب بھی آئے، مگر کامیابی نہ مل سکی جب کہ دوسرے میچ میں تو پروٹیز نے آؤٹ کلاس کر کے دس وکٹوں سے میچ اپنے نام کیا اور پاکستان کو ایک اور وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ میں وائٹ واش پر کپتان شان مسعود نے کیا جواز پیش کیا؟