قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ ان کی کرکٹ میں نکھار کا سہرا وکٹ کیپر محمد رضوان کو جاتا ہے۔
شان مسعود جو ان دنوں برطانیہ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہے، جس میں وہ ڈربی شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر رواں سیزن میں اب تک 7 میچوں میں 991 رنز بنا کر کاؤنٹی کرکٹ میں ٹاپ اسکورر ہیں، اسی کارکردگی کی بدولت ان کی قومی ٹیم میں بھی واپسی ہوئی ہے۔
حال ہی میں انہوں نے ایک اسپورٹس ویب سائٹ کو انٹرویو دیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی کارکردگی میں بہتری کا کریڈت وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران ملتان سلطانز کے لیے کھیلتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ٹی20 میں میری بیٹنگ پر خاص توجہ دی جس کے باعث مجھ میں نکھار آیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے دوران ہماری حکمت عملی تھی کہ ہم کم سے کم ڈاٹ بالز کھیلیں اور اننگز کے پہلے ہاف تک کریز پر موجود رہیں۔
شان مسعود نے کہا کہ ٹی20 میں آپ کو گیئرز تبدیل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ایک دن آپ 150 کے قریب کا تعاقب کر رہے ہیں اور آپ کو 55 گیندوں پر 70 رنز بنانے ہوں گے جبکہ کسی دن آپ 240 کے آس پاس کا تعاقب کریں گے تو ٹیم کو 55 گیندوں پر 100 رنز کا اسکور درکار ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: شان مسعود کو کاؤنٹی کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا صلہ مل گیا
پی ایس ایل 2022 میں محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز کیلئے شاندار سیزن کھیلنے والے شان مسعود نے انگلینڈ کے ٹی 20 بلاسٹ میں ڈربی شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے محض 10 اننگز میں 45.75 کی اوسط سے 366 رنز بنائے ہیں، وہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ڈربی شائر کی کپتانی کے فرائض بھی سرانجام دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ شان مسعود کاؤنٹی چیمپیئن شپ کے رواں سیزن میں اب تک 7 میچوں میں 991 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر ہیں۔