پیر, جون 24, 2024
اشتہار

کپتان شان مسعود نے کراچی کنگز کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم ظاہر کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی کنگز کے نئے کپتان شان مسعود نے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں اپنی فرنچائز کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم ظاہر کردیا۔

کراچی کنگز کے پہلے ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شان مسعود نے پی ایس ایل میں پہلی بار اپنے آبائی شہر کی قیادت کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے لیے بہت پرجوش ہوں، ہم نے متوازن ٹیم بنائی ہے جو کراچی کنگز کو ایک نئی سمت میں لے جائے گی۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم نے ٹیم کو دوبارہ سے تشکیل دیا ہے، اسکواڈ اور انتظامیہ میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کا مقصد ٹیم کو نئی بلندیوں تک لے کر جانا ہے۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو کہ فرنچائز کو ایک مضبوط قوت بنائیں گے اور مستقبل میں ٹیم کو آگے لے کر جائیں گے۔

کراچی کنگز کے کپتان نے ٹیم منیجر اور وی پی آپریشنز نوید رشید کے اچانک انتقال پر بھی اظہار افسوس کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز اس سیزن کو نوید رشید کے نام کرے گی اور اسی جوش کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کرے گی جیسا کے مرحوم چاہتے تھے۔

اس سیزن میں اپنے اہداف کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شان نے کراچی کنگز کے مداحوں پر زور دیا کہ وہ پورے سیزن میں بھرپور طریقے سے اسٹیڈیم کا رخ کریں اور ٹیم کو سپورٹ کریں۔

انھوں نے کہا کہ اسکواڈ بہترین اور ہمارے پاس ناک آؤٹ کے لیے کوالیفائی کرنے کا بہترین موقع ہے۔ کراچی کے تماشائیوں کے سامنے ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں۔

شان مسعود نے کہا کہ میں شائقین سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اسٹیڈیم کو بھردیں، شائقین ہماری حوصلہ افزائی کے لیے گراؤنڈ آئیں اور ہمارے مداح بحیثیت 12ویں پلیئر کے ہمیں سپورٹ کریں۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے ساتھ کامیاب ٹریڈ کے بعد پی ایس ایل 9 پلیئر ڈرافٹ سے پہلے شان مسعود کراچی کنگز کا حصہ بنے تھے، لیفٹ آرم اسپنر فیصل اکرم کے ساتھ انھیں تبدیل کیا گیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں