منگل, دسمبر 24, 2024
اشتہار

پہلی فتح مشکل سے ملی، جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے، شان مسعود

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان ریڈ بال ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ پہلی فتح مشکل سے ملی کوشش کریں گے کہ جیت جو ملی ہے اس کو تسلسل میں لائیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان نے انگلینڈ کو ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔ یہ بطور کپتان شان مسعود کی سات میچوں میں پہلی جب کہ قومی ٹیم کی اپنے ہوم گراؤنڈ پر ساڑھے تین سال بعد پہلی ٹیسٹ فتح بھی ہے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ کافی عرصے سے ہم جیتے نہیں تھے، اس لیے پاکستان کے لیے جیت بہت ضروری تھی۔

- Advertisement -

شان مسعود نے کہا کہ پوری ٹیم جیتنے کے لیے پرجوش تھی۔ تمام کھلاڑیوں نے جیت میں اپنا اپنا حصہ ڈالا۔ پلان تبدیل کیا، بیٹنگ اور بولنگ میں کمبی نیشن بنایا تاکہ میچ جیت سکیں، جو ہمارے حق میں کام آیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ فتح میرے لیے بھی بہت خاص ہے کہ بہت مشکل سے ملی ہے۔ اس سے بڑی بات نہیں ہو سکتی کہ آپ ملک کے لیے کھیلیں اور جیتیں۔ کوشش کریں گے جو لڑکوں نے پرفارمنس دی، اس کو برقرار رکھ سکیں۔

قومی کپتان نے مزید کہا کہ ٹیسٹ میچ کا اصول ہے کہ 20 آؤٹ کرنا ہوتے ہیں اور اس کے لیے رسک لینا پڑتا ہے۔ ہمیں رسک لینے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ ہم نے کنڈیشن دیکھ کر اسپنرز کو موقع دیا۔ کم بیک کرنے پر نعمان اور ساجد کو کریڈٹ دینا ہوگا۔

واضح رہے کہ شان مسعود کو گزشتہ سال نومبر میں بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور وہ مسلسل 6 ٹیسٹ میچوں میں ہار کر پاکستان کے ناکام ترین کپتان قرار پائے تھے۔

شان مسعود کو پہلے آسٹریلیا نے اپنی سر زمین پر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا، پھر گزشتہ ماہ بنگلہ دیش نے پاکستان آکر نہ صرف قومی ٹیم کو پہلی بار ٹیسٹ میچ میں ہرایا بلکہ اسی کی سر زمین پر وائٹ واش کرنے کا بھی کارنامہ انجام دیا۔

انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلش ٹیم نے اننگ اور 47 رنز کی تاریخی شکست سے دوچار کیا اور یہ ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ کا پہلا موقع تھا جب کوئی ٹیم پہلی اننگ میں 500 سے زائد رنز بنانے کے باوجود اننگ کے فرق سے ہاری۔

ساجد خان اور نعمان علی کرکٹ کی تاریخ کی دوسری کامیاب اسپن جوڑی بن گئے

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں