قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے آؤٹ ہونے کے بعد ہاک آئی کی درستگی پر سوال اٹھا دیا۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے چوتھے روز کپتان شان مسعود نے 145 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور انہیں 84ویں اوورز میں ریویو پر تھرڈ امپائر نے آؤٹ قرار دیا۔
شان مسعود کو کروائی گئی گیند تھوڑی نیچے رہی اور اسے امپائر نتن مینن نے ناٹ آؤٹ قرار دیا۔
جنوبی افریقا نے امپائر کے فیصلے پر ریویو لیا اور بال ٹریکنگ سسٹم میں گیند آف اسٹمپ سے ٹکرا گئی جس کے بعد شان مسعود آؤٹ قرار پائے۔
لیکن ٹی وی اسکرین پر ڈریسنگ روم میں شان مسعود ساتھیوں کے ساتھ فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔
شان نے ڈریسنگ روم میں جا کر ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی اس جانب توجہ کروائی اور یہ تاثر ملا کہ انہیں غلط آؤٹ قرار دیا گیا ہے لیکن عاقب جاوید نے کوئی بڑا ریسپانس نہیں دیا۔
کاگیسو ربادا کی بال پر آف اسٹمپ کے باہر گری لیکن ریویو میں دکھائی دیاکہ وہ وکٹ کو اڑاتے ہوئے نظر آئی جس کی وجہ سے امپائروں نے اپنے فیصلے کو تبدیل کیا اور شان مسعود کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا ۔ شان مسعود 145 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر وائٹ واش کیا تھا۔