چترال : دنیا کے بلند ترین گراؤنڈ پر شندور پولو فیسٹیول سج گیا، رنگارنگ میلہ تین دن جاری رہے گا, ابتدائی روز غذر کی ٹیم نے چترال کو شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق چترال کے دلکش موسم، حسین نظارے اور بلند و بالا پہاڑ کی بلندی پر شندور پولو فیسٹیول سج گیا۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان شندور پولو فیسٹیول کا افتتاح کیا، رنگارنگ میلہ3دن جاری رہے گا، فیسٹول کی اختتامی تقریب 9 جولائی کو منعقد ہوگی۔
دنیا کے بلند ترین پولوگراؤنڈ میں مقابلے دیکھنے کیلئے ہزاروں سیاح شندور پہنچ گئے، فیسٹیول کا پہلا میچ غذر اور چترال کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا اور دلچسپ مقابلے کے بعد غذر کی ٹیم نے چترال کو شکست دے دی۔
سہ روزہ فیسٹیول میں مجموعی طور پر چھ میچز کھیلیں جائیں گے، میلے میں چترال اور گلگت بلتستان کا کلچرل شو بھی پیش کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر سیاحت عاطف خان کا کہنا ہے کہ ہمیں دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہےم، فیسٹیول میں پولو کا فائنل نو جولائی کو کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ چترال میں ہونے والا یہ فیسٹیول یہاں کی صدیوں قدیم روایات کاامین ہے جس میں یہاں کی مقامی آبادی بھرپور حصہ لیتے ہیں۔
فری اسٹائل پولو میں گلگت اور چترال کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں اور یہ کھیل اتنا دلچسپ ہوتا ہے جیسے بھارت اور پاکستان کے مابین کرکٹ ورلڈکپ کا کوئی مقابلہ ہورہا ہو۔