آسٹریلیا کے شین مکڈرمٹ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مکڈرمٹ کو وائٹ بال کوچ مائیک ہیسن کی درخواست پر تعینات کیا جائے گا، وہ بنگلادیش، سری لنکا، آْسٹریلیا، افغانستان میں کوچنگ کرچکے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر عمر گل کو پاکستان شاہینز کے ساتھ ذمہ داریاں دیے جانے کا قوی امکان ہے اور پی سی بی جلد نئی تقرریوں کے حوالے سے باضابطہ اعلان کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ محمد مسرور اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہوگئے۔
محمد مسرور نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیم کے ساتھ میرا باب اب ختم ہو گیا ہے، تمام کھلاڑیوں کے اعتماد اور اسٹاف کے سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ کا ہمیشہ حصہ رہوں گا، میں کسی مایوسی یا افسوس کے بغیر چھوڑ رہا ہوں۔
ذرائع کے مطابق محمد مسرور کے ساتھ پی سی بی کا معاہدہ سیریز ٹو سیریز تھا اور اب پی سی بی نے سپورٹ اسٹاف میں نئی تقرریوں کا فیصلہ کیا ہے۔