اشتہار

شین وارن کی ٹیسٹ کیپ کتنے لاکھ آسٹریلوی ڈالر میں نیلام ہوئی؟

اشتہار

حیرت انگیز

سڈنی: لیجنڈری آسٹریلوی اسپنر شین وارن کی ٹیسٹ کیپ 10 لاکھ آسٹریلوی ڈالر میں نیلام ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی جنگلات میں لگی آگ کے باعث متاثرین کی امداد کے لیے فنڈ ریزنگ مہم کے تحت شین وارن نے اپنی کیپ نیلامی کے لیے پیش کی تھی جو 10 لاکھ آسٹریلوی ڈالر میں نیلام ہوگئی۔

یہ کرکٹ آسٹریلیا کی تاریخ کی مہنگی ترین نیلامی ہے، آسٹریلیا میں سر ڈان بریڈ مین کی کیپ کی نیلامی 2003 میں 4 لاکھ 25 ہزار ڈالر میں ہوئی تھی۔

- Advertisement -

شین وارن نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وہ بولی میں شامل ہونے والے تمام افراد کے شکر گزار ہیں، انہوں نے کامیاب بولی دینے والے شخص کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی فیاضی پر بے حد خوشی ہوئی اور بولی سے حاصل ہونے والی رقم ان کی توقعات سے کہیں زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ کیپ کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم ریڈ کریسنٹ (ہلال احمر) کے حوالے کی جائے گی جس نے جنگلات کی آگ بجھانے اور متاثرین کی مدد کے لیے فنڈ عطیہ کی اپیل کررکھی ہے۔

رپورٹ کے مطابق شین وارن کی کیپ دولت مشترکہ بینک نے خریدی جو آسٹریلیا کا سب سے بڑا بینک ہے، بینک کے چیف ایگزیکٹو میٹ کومن نے کہا ہے کہ کیپ کو مزید فنڈ اکٹھے کرنے کے لیے چار ملکوں میں لے جایا جائے گا جس کے بعد اسے سڈنی کے جنوب مغرب میں واقع علاقے بورال میں قائم بریڈ مین عجائب گھر کو عطیہ کردیا جائے گا، جہاں اس کی مستقل نمائش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر لگی آگ کے باعث اب تک 27 افراد اور ایک ارب کے قریب چرند پرند ہلاک ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ جنگلات میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2000 گھر مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر نقل مکانی کرچکے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں