کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ شریف خاندان کو جلد جیل جاتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، باپ بیٹے کو نہیں پہچان رہا یہ قیامت کی نشانی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیٹے کے پاس کم عمر میں اربوں روپے کیسے آئے؟ تین بار وزیراعظم بننے والا مخالف طاقتوں کے بیانات کو تقویت دے رہا ہے، نوازشریف کو سزا ہوگی اور وہ جیل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ احد چیمہ جیسی غیر قانونی تعیناتیاں سب کے سامنے ہیں، ایون فیلڈ پراپرٹی جب خریدی گئی اس وقت حسین نواز برطانوی شہری نہیں تھے، حسین نواز کو ریڈ وارنٹ کے ذریعے کیوں پاکستان نہیں بلایا جارہا؟
اب وزیر اعظم پاکستان عمران خان ہی ہوگا: فیصل واوڈا
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اربوں روپے پاکستان سے کمائے، شریف خاندان سیاست کو کاروبار سمجھتا ہے، انہوں نے ملک کو لوٹ کر اپنی دولت بنائی، اقتدار میں آکر کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے۔
فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان کو جلد جیل جاتے ہوئے دیکھ رہاں، صورت حال اس نہج پر پہنچ چکی باپ اور بیٹا ایک دوسرے سے لاتعلق ہیں، چوروں اور ڈاکوؤں نے ملک کو اس حال پر پہنچا دیا ہے کہ ملک اب قرضوں پر چل رہا ہے۔
متحدہ کے بانی کو دوبارہ قائد بنانے کی کوشش کی جارہی ہے: فیصل واوڈا
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام تحریک انصاف کے ساتھ موجود ہیں، عام انتخابات میں سب سامنے آجائے گا، لوگ کرپٹ حکمران کو مسترد کردیں، جو بار بار باریاں لیتے ہیں اور اپنی تجوریاں بھرتے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔