کراچی: پیپلزپارٹی کی رہنماء نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے خود کو بچانے کے لیے اداروں پر حملےکی روایت ڈالی، نااہل شخص دن رات اداروں کی تذلیل کررہا ہے، نہال ہاشمی ایک مہرہ تھا جبکہ حقیقی مجرم شریف برادران ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رہنما پیپلزپارٹی نفیسہ شاہ نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نااہل شریف دن رات اداروں کی تذلیل کررہاہے، باپ،بیٹی کل تک پس پردہ،اب کھل کراداروں کے خلاف کام کررہےہیں۔
نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آئینی اداروں کا تحفظ اور اُس کی توقیر کو برقرار رکھا، ہم نے اداروں اور شخصیات میں ہمیشہ فرق ملحوظ خاطررکھا۔
مزید پڑھیں: توہین عدالت کیس : سپریم کورٹ نےنہال ہاشمی کوایک ماہ قید کی سزا سنادی
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے خود کو بچانے کیلئےاداروں پر حملےکی روایت ڈالی ، کسی ایک شخص کی غلطی کو پورے ادارے پرنہیں تھوپاجاسکتا، افسوس مسلم لیگ ن نےماضی سےکچھ نہیں سیکھا۔
نہال ہاشمی کے حوالے سے رہنماپیپلزپارٹی کا کہناتھا کہ نہال ہاشمی ایک مہرہ تھا،حقیقی مجرم شریف برادران ہیں۔
نفیسہ شاہ نے مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی نےایک بار بھی نہیں کہا کہ مجھے کیوں نکالا، اداروں کا تقدس پامال کرنے والے جمہوریت اور ملک کے دشمن ہیں، نااہل شریف کو جیل بھیجے بغیر قانونی کی حکمرانی مشکل ہے، نواز شریف نے نہال ہاشمی سے کام لیا اور جب وہ مکمل ہوا تو انہیں پارٹی سے فارغ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں: گورنر سندھ
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے سینیٹر نہال ہاشمی کو متنازع تقریر کرنے پر ایک ماہ قید ، 50 ہزار روپے جرمانہ اور 5 سال نااہلی کی سزا سنائی ہے۔