ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

شریف خاندان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے حکومت سرگرم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: شریف خاندان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے معاملے پر حکومت شریف خاندان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے سرگرم ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے معاملے پر حکومت شریف خاندان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے سرگرم ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار دور میں بنائی گئی کمیٹی سے اختیارات واپس لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نام ای سی ایل میں ڈالنے کا طریقہ کار تبدیل کرنے کی سمری تیار کرلی گئی ہے۔ سمری منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیجی جائے گی۔

سمری میں سفارش کی گئی ہے کہ نام ای سی ایل میں ڈالنے کا اختیار وزیر داخلہ یا سیکریٹری کو دیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف خاندان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے سے متعلق وزارت داخلہ کو جواب پیش کردیا تھا۔

نیب ذرائع کے مطابق مذکورہ معاملے کے لیے وزارت داخلہ نے نیب کو خط لکھا تھا جس کا نیب نے جواب دے دیا۔ وزارت داخلہ نے جو چیزیں مانگی تھیں وہ نیب کی جانب سے فراہم کردی گئیں جس کے بعد وزارت داخلہ نے فائل تیار کر کے وزیر داخلہ کو پیش کردی۔

تاہم وزیر داخلہ احسن اقبال شریف خاندان سے متعلق فائل پیش کرنے پر سخت برہم ہوگئے تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے حکم دیا تھا کہ فائل کو میری میز سے ہٹا دیا جائے۔

اس سے قبل نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں