ہفتہ, جون 21, 2025
اشتہار

شریف خاندان کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل کیے جانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کا خاندان بدستور سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔ نواز شریف کی آج کی ریلی کو سرکاری حیثیت دے کر تمام سرکاری مشینری کو مصروف عمل کردیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کو سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیا گیا ہے تاہم اپنی پارٹی کے حکومت میں ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شریف خاندان کے لیے عوام کے پیسوں سے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے افراد پنجاب حکومت کے 2 سرکاری طیاروں میں لاہور پہنچے۔ نواز شریف کے بچوں حسن نواز، حسین نواز اور مریم نواز سمیت شریف خاندان کے 17 ارکان 2 طیاروں میں لاہور پہنچے جو سرکاری امور کے لیے رکھے گئے ہیں۔

شریف خاندان کی 2 ملازمائیں بھی سرکاری طیارے سے لاہور پہنچیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کو لے کر آنے والے دونوں طیارے لاہور کے اولڈ ایئرپورٹ پر اترے۔ ایک طیارے میں مریم نواز کی بیٹی مہرالنسا اور داماد بھی سوار تھے۔

سابق وزیر اعظم کی آج ہونے والی ریلی کے لیے بھی سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال جاری ہے۔

صوبہ پنجاب کے شہر کھاریاں میں فائر بریگیڈ کی گاڑی کے ذریعے بینرز لگائے گئے۔ ریلی کی تیاری کے لیے سرکاری عملے کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔

ریلی کی سیکیورٹی کے نام پر راولپنڈی کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا۔ پنجاب پولیس نے ریلی کے روٹ پر آنے والی ہر دکان اور ہوٹل کو بند رکھنے کی ہدایت کردی۔

موبائل ہیلتھ یونٹ بھی نااہل وزیر اعظم کی ریلی کے لیے الرٹ کر دیا گیا۔

نواز شریف کی ریلی کے آغاز سے قبل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور کابینہ کے وزرا نے بھی کار مملکت چھوڑ کر اپنے قائد سے ملاقات کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں