سندھ حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ حکومت نے پورے کراچی شہر میں رکشوں پر پابندی نہیں لگائی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پورے شہر میں رکشوں پر پابندی نہیں لگائی بلکہ صرف 11 بڑی شاہراہوں پر چنگچی رکشا چلانے پر پابندی عائد ہے۔
شرجیل میمن نے چنگچی رکشا ایسوسی ایشن کی جانب سے پابندی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کے عمل کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے اور ہمارا موقف واضح ہے کہ انتظامی معاملات سندھ حکومت کا اختیار ہے۔
واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے چند ماہ قبل کراچی کی 12 مرکزی شاہراہوں پر چنگچی رکشا چلانے پر پابندی عائد کی تھی۔ تاہم گزشتہ ماہ اس پابندی کا دائرہ کار شہر قائد کی 20 شاہراہوں تک بڑھا دیا گیا تھا۔
چنگچی رکشا ایسوسی ایشن نے حکومت سے بارہا پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور گزشتہ دنوں پریس کلب کے باہر رکشے کھڑے کر کے احتجاج بھی کیا تھا۔
ایسوسی ایشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ چنگچی رکشوں کی 20 شاہراہوں پر پابندی سے نہ صرف اس کاروبار سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں بلکہ کراچی کے شہریوں کو بھی سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔