اسلام آباد : انٹرنیٹ سلو ہونے کے معاملے پر شرمیلا فاروقی شزہ فاطمہ پر برہم ہوگئیں اور کہا کیا سب ہی جھوٹ بول رہے ہیں؟ میرا شوہر ای کامرس کمپنی چلاتا ہے اُس کو نقصان ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس امین الحق کی زیرصدارت ہوا ، اجلاس کے دوران شرمیلا فاروقی وزیرمملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ کے جوابات پر برہم ہوگئیں۔
رکن کمیٹی نے کہا کہ میں بہت مایوس ہوں 4 اجلاس ہوچکے ہیں کوئی حل نہیں نکلا، یا ہم جھوٹ بول رہے ہیں یا حکومت جھوٹ بول رہی ہے، ہم تونقصان کا نہیں بتا رہے پاشا ہی نقصان کےنمبرز دے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا شوہر ای کامرس کمپنی چلاتا ہے اُس کو نقصان ہوا ہے، کیا سب ہی جھوٹ بول رہے ہیں؟ پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال آتی ہے اور انٹرنیٹ بند ہو جاتا ہے، کیاہم بے وقوف ہیں جو سارے کام چھوڑ کر کمیٹی میں آتے ہیں اور یہاں کمیٹی میں کہا جاتا ہے کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔
مزید پڑھیں : انٹرنیٹ بند ہے تو ایک ماہ میں ڈیڑھ ارب کی ایکسپورٹ کیسے ہوئیں؟ شزہ فاطمہ
وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا تھا کہ انٹرنیٹ کا مسئلہ وقتی تھا جو حل کرلیا گیا ہے ، اسٹار لنک سے بات کر رہے پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ لایا جائے۔
انھوں نے بتایا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ ایک ماہ میں ڈیڑھ ارب کی ایکسپورٹ کی، اگر انٹرنیٹ بند ہے تو یہ پیسہ کہاں سے آرہا ہے؟