ممبئی: فلمساز فرحان اختر کی ایکشن تھریلر فلم ’ڈان 3‘ میں اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ مرکزی ہیروئن کیلیے اداکارہ کا انتخاب کر لیا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور پر ’ڈان 3‘ میں شروری واگھ رنویر سنگھ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔ پروجیکٹ میں ان کی جگہ اداکارہ کیارا اڈوانی کے جانے کے بعد بنی ہے۔
یہ دعویٰ ذرائع کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا کہ شروری واگھ اور ایک اور نامور اداکارہ کے ناموں پر غور کیا جا رہا تھا لیکن فلمسازوں نے شروری واگھ کے نام کو فائنل کیا، ایکسل انٹرٹینمنٹ کی ٹیم انہیں بورڈ میں شامل کرنے کیلیے بہت پرجوش ہے۔
ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ’ڈان 3‘ رواں سال کے آخر تک منظر عام پر آنے کی امید ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ڈان 3‘ کے ممکنہ ولن کا نام سامنے آگیا
ابتدائی طور پر رنویر سنگھ اور کیارا اڈوانی کو مرکزی کردار کیلیے کاسٹ کیا گیا تھا لیکن اداکارہ نے حاملہ ہونے پر خود کو پروجیکٹ سے الگ کر لیا۔
کیارا اڈوانی کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ ذاتی زندگی اور آنے والے بچے کو ترجیح دینا چاہتی ہیں۔
شروری واگھ اس وقت فلم ’الفا‘ کی تیاری میں مصروف ہیں جس میں وہ نامور اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ مرکزی کردار نبھائیں گی۔
اس پروجیکٹ کے حوالے سے شروری واگھ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ مجھے ایکشن ایک صنف کے طور پر پسند ہے اور میں اپنی بہن کے ساتھ اکثر ایکشن فلمیں دیکھتی ہوں، جب مجھے ’الفا‘ کی پیشکش ہوئی تو میں نے خوشی سے جھوم اٹھی۔