کوئٹہ : وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت علی یوسف زئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، احتساب کا عمل جاری رہے گا، نیب کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، پریس کلب پہنچنے پر عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراطلاعات نے پریس کلب کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔
اپنی گفتگو میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت کو30ہزار ارب روپے کاخسارہ ورثے میں ملا تھا، موجودہ حکومت نے انتھک محنت اور کامیاب حکمت عملی سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، حکومت کو مختصر مدت میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خارجہ محاذ پر قومی مؤقف اور بیانیے کو اجاگر کیا گیا، ملکی معیشت پر بھرپور توجہ دی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور آج سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں۔
اسپیکر سندھ اسمبلی کی اسلام آباد سے گرفتاری سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آغا سراج درانی کی گرفتاری کو سندھ کے خلاف سازش قرار دینا قطعی غلط ہے، احتساب کا عمل ملک بھر میں جاری رہے گا، ہم نیب کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔