پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

نواز شریف کی وطن واپسی پر حالات خراب ہوئے تو رینجرز حرکت میں آئےگی، نگراں وزیر داخلہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : نگراں وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر لیگی کارکن پر امن رہے تو ایکشن نہیں ہوگا، حالات خراب ہوئے تو رینجرز حرکت میں آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا جائے گا ، نواز شریف کی وطن واپسی پر لیگی کارکن پرامن رہے تو ایکشن نہیں ہوگا، حالات خراب ہوئے تو رینجرز حرکت میں آئے گی۔

انہوں کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنارہےہیں، قانون سے کوئی بالاتر نہیں، قانون شکنی پر کارروائی ہوگی۔

گذشتہ روز نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹرعلی ظفر نے اے آر وائی کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاہور ایئرپورٹ کے باہر کسی کو امن وامان خراب نہیں کرنے دیں گے اور ایئرپورٹ کی حدود میں سیکیورٹی کے تمام اقدامات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون ہرشخص پرلاگو ہے، نوازشریف اورمریم نوازکی گرفتاری کے لئے قانون کے مطابق عمل ہوگا، پنجاب حکومت امن وامان سے متعلق تمام اقدامات کررہی ہوگی، قیام امن حکومت کی ذمہ داری ہے، نوازشریف اورمریم نوازکو قانون کے مطابق ایئرپورٹ ہی پر طیارے میں گرفتار کیا جائے۔


مزید پڑھیں : نوازشریف اورمریم نواز کی گرفتاری، لاہور ایئرپورٹ کے اطراف دفعہ144نافذ


پنجاب حکومت نے لاہور ایئرپورٹ کی حدود میں دفعہ144نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف اور مریم نواز نے وطن واپسی کی تیاری مکمل کرلی ہے اور ٹکٹ بھی بک کرالئے ہیں، یہ دونوں شخصیات13جولائی کی شام کو لاہور ایئرپورٹ پہنچیں گی، جس کے فوری بعد انہیں گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن اور حسین نواز، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا تھا۔

فیصلے میں نواز شریف کو دس سال قید اور جرمانے، مریم نواز کو سات سال قید مع جرمانہ جبکہ کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں