جمعرات, دسمبر 12, 2024
اشتہار

”مہنگائی بڑھے گی اور غربت میں اضافہ ہوگا“

اشتہار

حیرت انگیز

سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی اور غربت میں بھی اضافہ ہوگا۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ حکومت کی بس ایک ہی سوچ ہے کہ غریب آدمی کو مارنا ہے، کئی دن سے کہہ رہے ہیں کہ روس سے سستا تیل خرید لیں، یہ لوگ روس اس لیے نہیں جا رہے کیوں کہ امریکا سے ڈرتے ہیں۔

شوکت ترین نے کہا کہ ان کو 2 ماہ سے زائد ہوگئے لیکن پھر بھی ٹارگٹڈ سبسڈی نہیں دے رہے، 149 روپے فی لیٹر پر پیٹرول چھوڑ کر گئے تھے، اس حکومت  نے 15 دن میں 85 روپے پیٹرول کی قیمت بڑھا دی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت اب 235 روپے ہوگئی ہے، یہ لوگ پیٹرول پر پیٹرول بم برسا رہے ہیں، ڈیزل کی قیمت میں بھی غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے، مہنگائی کا طوفان آئے گا، مہنگائی کی شرح 24 فیصد بڑھی تھی اب 30 فیصد تک پہنچے گی۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ 2 ہزار روپے تو عام آدمی کی زندگی میں تڑکا بھی نہیں ہے، 2 ہزار روپے دینے سے عام آدمی کو کیا فرق پڑے گا، حکومت کوئی پوسٹ باکس تو نہیں، کوئی طریقہ کار لائیں کچھ سوچیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فضول خرچیاں ختم کریں، شاہ خرچیاں دور کریں اور عام آدمی کو ریلیف دیں، مجھے تو اس حکومت کا ایجنڈا ہی سمجھ نہیں آ رہا، آئی ایم ایف کے لیے کر رہے ہیں تو ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں، اب تو مڈل کلاس پر اثر ہوگا، نچلے طبقے کو تو ڈبو دیا اب مڈل کلاس کی باری ہے۔

شوکت ترین نے کہا کہ گروتھ ریٹ ڈرامائی انداز میں نیچے آئے گا اور مہنگائی بڑھے گی غربت میں اضافہ ہوگا لوگوں کی قوت خرید ختم ہو جائے گی، ہم پر تنقید سے پہلے یہ بتائیں انہوں نے اپنے 5 سال میں کیا کیا تھا، کیا انہوں نے اپنے دور میں کوئی رقم یا منصوبہ رکھا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں