پشاور : وزیراطلاعات کے پی کے شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ چند لوگ فاٹا میں امن اور ترقی کا عمل سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، پشتونوں کے حقوق کے نام پر قومی اداروں کو بدنام کیا جارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شوکت یوسفزئی نے کہا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر جیسے لوگ پشتونوں کو اداروں کیخلاف اکسارہے ہیں۔
یہ لوگ بیرونی ایجنڈے پر کار فرما ہیں، پشتونوں کے حقوق کے نام پر قومی اداروں کو بدنام کیا جارہا ہے، ایسے لوگ ہی فاٹا میں امن اور ترقی کا عمل سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج اور قبائل نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، فاٹا کےعوام کی بحالی اور ان کےنقصانات کا ازالہ کیاجائے گا، میرانشاہ واقعہ پرافسوس ہوا ہے، اس واقعے کے بعد پی ٹی ایم کے ورکروں کو شرپسندوں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ چند افراد مذموم مقاصد کے لیے پی ٹی ایم کارکنوں کو اکسا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: چند افراد مذموم مقاصد کے لیے پی ٹی ایم کارکنوں کو اکسا رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
شمالی وزیرستان واقعے سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ معصوم پی ٹی ایم کارکنوں کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، چند افراد پی ٹی ایم کے معصوم کارکنوں کو استعمال کررہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بہادر قبائلیوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، مٹھی بھر افراد ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں، دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کے ثمرات ضائع کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔