پشاور: صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کو مزید توسیع دینے کا کوئی ارادہ نہیں، خواہش ہے یہ اب عزت کے ساتھ واپس چلے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا, خیبرپختونخوا حکومت نے افغان مہاجرین کے پاکستان میں مزید قیام کی مخالفت کردی.
اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کو رہنے کیلئے جگہ دی ان کے ساتھ پاکستان میں بھائیوں جیسا سلوک کیا گیا۔
حکومت کا افغان مہاجرین کو مزید توسیع دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، لہٰذا ہماری خواہش ہے یہ اب عزت کے ساتھ اپنے وطن واپس چلےجائیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم نے پاکستان میں رجسٹرڈافغان مہاجرین کوبینک اکاؤنٹس کھولنےکی اجازت دےدی
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے سفارش کی ہے کہ افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی ڈیڈ لائن 30 جون کو ختم ہورہی ہے اس میں مزید توسیع نہ کی جائے اور ان کی وطن واپسی کے انتظامات مکمل کرے، اب وقت آگیا ہے وہ واپس افغانستان چلے جائیں، ہم امید کرتے ہیں کہ افغان مہاجرین یہاں سے اچھی یادیں لے کرجائیں گے۔
مزید پڑھیں: افغان مہاجرین کے لیے انسانیت کی وہ مثالیں قائم کیں جن کا جواب نہیں: شہریار آفریدی
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وفاق نے فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی رابطہ کیا گیا ہے تاہم تجویز مانگی گئی تو اتفاق رائے سے وزیراعلیٰ فیصلہ کریں گے۔