پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پر حملوں کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے۔ ملک دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے اپنے ایشوز ہیں، وہ ریاست پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن کے بعد لیڈر جیل میں ہیں اور بعض جانے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس نے قانون توڑا ہے اس کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی، چیک پوسٹ پر حملوں کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے۔ ملک دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔
شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ کرپٹ عناصر دباؤ ڈال کر اپنے مذموم مقاصد حاصل نہیں کر سکیں گے۔
اس سے قبل ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں انفرا اسٹرکچر کے لیے امن ناگزیر ہے، کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ قبائلی اضلاع میں امن ہو۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا کہ دشمن ایجنسیاں اور ملک پاکستان کے خلاف کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، مشکلات یقیناً ہیں لیکن ہم ان مشکلات سے نکل جائیں گے۔ خار قمر کے علاقےمیں آپریشن ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ چند لوگ دوبارہ پختونوں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، ’کیا پختون اسی لیے ہیں کہ بندوق اٹھائیں، لڑیں اور مریں‘۔