پشاور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے علی امین گنڈا پور کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی فیلڈنگ تبدیل کرتے رہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈ اپور بانی کی وجہ سے ہی وزیراعلیٰ ہیں، بانی پی ٹی آئی فیلڈنگ تبدیل کرتے رہتے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی تک مخصوص لوگوں تک رسائی کامسئلہ ضرورہے، میرے خیال میں بانی اپنے آپ کو ہر چیز سے باخبر رکھتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ اگلے ہفتے بانی سے ملاقات کی کوشش کروں گا اور اگلے ہفتے اڈیالہ جیل کے سامنے ہی بیٹھ جاؤں گا۔
شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بیک ڈور چینل سے مذاکرات نہیں ہو رہے تھے، حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے سے ڈر رہی ہے کیوں کہ خود پھنس جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب عرفان صدیقی نے کہا کمیشن نہیں بن سکتا تو پھر ہمارا بیٹھنے کا کیا فائدہ؟ پی ٹی آئی پر اتنا بڑاا لزام ہے، کیا یہ تحقیقات نہیں ہونی چاہئیں کہ کیا ہے یا نہیں ، پی ٹی آئی میں کرپشن کاکوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔