پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختو نخوا شوکت یوسفزئی نے پولیو ویکسین کے خلاف تمام افواہوں کوسازش قرار دے دیا.
تفصیلات کے شوکت یوسفزئی نے پولیوویکسین کے حوالے سے جنم لینے والی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انھیں افواہ اور حکومت کے خلاف سازش ٹھہرا دیا.
وزیراطلاعات خیبرپختونخوا پولیو ویکسین نے کہا کہ ویکسین میں کوئی خرابی نہیں ہے، آج یہی ویکسین پورے پاکستان میں بچوں کودی گئی ہے.
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت کے خلاف لابی سرگرم ہے، اسپتالوں میں جتنے بچے لائے گئے، وہ سب خیریت سے ہیں.
مزید پڑھیں: عوام جعلی پروپیگنڈے اور افواہوں پر کان نہ دھریں: وزیرصحت کے پی
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پشاورکو پولیو کے حوالے سے خطرناک شہر قرار دیا گیا ہے، وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا نے اسپتالوں سے رپورٹ طلب کر لی ہے.
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر صحت کے پی، ہشام خان نے درخواست کی تھی کہ عوام جعلی پروپیگنڈے اور افواہوں پر کان نہ دھریں، انھوں نے کہا کہ الحمدللہ پشاور کے تمام بچے صحت مند ہیں.
یاد رہے کہ آج پشاور میں انسداد پولیو مہم کے پہلے دن پولیو ویکسین کے ری ایکشن کی شکایت پر چند بچوں کو اسپتال لایا گیا، یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور درجنوں افراد اپنے بچوں کو لے کر اسپتال پہنچے.
واقعے سے شہر میں سنسنی پھیل گئی. البتہ کسی بھی اسپتال میں بچوں کی ہلاکت کا کوئی واقعہ پیش نہں آیا.