پشاور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی نہ ملک سے باہرجائیں گے نہ نتھیاگلی اور نہ بنی گالہ ،عدالتوں میں لڑ کر باہر آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کے تمام جھوٹے بیانیے پوری طرح پٹ رہے ہیں، حکومت این آر او کی سیاست چھوڑ دے،این آراوکوئی نہیں مانگ رہا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مذکرات کے نام پر ڈھونگ رچایا جا رہا ہے ، عمران خان سے ملاقات نہ ہوئی تو مذاکرات کو خطرہ ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان نہ ملک سے باہر جائیں گے نہ نتھیا گلی اور بنی گالہ جائیں گے، بانی پی ٹی آئی اپنے تمام کیسز عدالتوں میں لڑ کر باہر آئیں گے۔
شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ اڑان پاکستان عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانا ہے، ملک میں پیسہ نہیں، حکومت 2022 سے اب تک 27 ہزار ارب کا قرضہ لے چکی ہے، کیا ملک قرضوں پر چلے گا، ملک میں سب سے پہلے سیاسی استحکام لانا ہوگا۔
ن لیگ کی جانب بیانات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز سرکاری تقاریب میں پی ٹی آئی کی کردارکشی کرتے ہیں، مذکرات میں حکومت تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اب ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی تو ملک ترقی کیسے کرے گا، کراچی تباہی کے دہانے پر ہے، روشنیوں کا شہر اب کھنڈرات میں بدل گیا۔
انھوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سال 2022 سے لے کر اب تک کراچی کی بی آر ٹی نہیں بن سکی، کراچی میں کوئی موبائل فون اور موٹرسائیکل لےکر نہیں نکل سکتا، پاکستان میں سب سے زیادہ قتل وغارت کراچی میں ہوتی ہے۔