تازہ ترین

کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرنیوالے 3 پولیس افسران سمیت 7 گرفتار

کراچی : پولیس موبائل میں جدید اسلحہ سندھ اسمگل...

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

چاند نظر آگیا، ملک بھر میں‌ عید الفطر آج منائی جائے گی

کراچی:پاکستان میں ماہِ شوّال 1441 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، ملک بھر میں عید الفطر آج 24 مئی بروز اتوار  کو منائی جائے گی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ماہ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت کراچی میں ہوا جس میں رویت ہلال کمیٹی کے ارکان،زونل کمیٹی ممبران اور نیوی کےماہرین بھی شریک ہوئے۔ رویت ہلال کمیٹی کی تکنیکی معاونت کیلئے محکمہ موسمیات سپارکو کے ارکان بھی اجلاس میں موجود تھے۔

کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور، لاہور، سمیت دیگر علاقوں میں رویت ہلال کمیٹی کی زونل کمیٹیوں کا اجلاس بھی ہوا جس میں مختلف علاقوں سے  شہادتیں وصول کی گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف تھا، چاند نظر آنے کا وقت 7 بج کر 55 منٹ سے 8 بج کر 9 منٹ تک تھا۔

مزید پڑھیں: چاند کے معاملے پر وفاقی وزرا فواد چوہدری کی حمایت میں آگئے

اجلاس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک بھر میں مطلع صاف تھا، بلوچستان کے مختلف علاقوں، راولپنڈی اور سندھ کے کچھ علاقوں سے چاند کی شہادات موصول ہوئیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ماہ شوّال 1441 ہجری کا چاند نظر آگیا، کل بروز اتوار 24 مئی کو پاکستان بھر میں عید منائی جائے گی۔

قبل ازیں چمن سے عید کا چاند دیکھنے سے متعلق 3 شہادتیں موصول ہوئیں جبکہ گوادار کے علاقے پسنی میر رحمت محلہ میں بھی مسجد کے پیش امام سمیت متعدد لوگوں نے چاند نظر آنے کی شہادت دی،  اسی طرح گلگت بلتستان کے علاقے طورو رسک میں چار افراد نے چاند دیکھنے کی شہادت دی۔

اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فرزندان توحید کو عید کی مبارک باد دی۔ انہوں نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں سماجی فاصلے کے حوالے سے آگاہی دی گئی ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’جب ہمارے دل ملتے ہیں تو یہ فاصلے کوئی معنی نہیں رکھتے‘۔

اس سے قبل بلوچستان سے منتخب ہونے والے سینیٹر کہدہ بابر کا اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’پسنی سے لے کر جیونی تک چالیس سے پچاس افراد نے چاند دیکھنے کی شہادت دی، پسنی کےپیش امام مسجد نے بھی چاند دیکھا اور کل عیدکا اعلان کردیا ہے، لوگ2،3گھنٹےسے رویت ہلال کمیٹی سے رابطے کی کوشش کررہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ زونل کمیٹی کاایک ہی نمبرہےاس پربھی رابطہ نہیں ہورہا، پسنی،جیونی کےلوگ چاندکی شہادتیں دیناچاہتے ہیں، وہ ایسی صورت میں کس سے رابطہ کریں؟۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اعلان کرچکے تھے کہ سائنسی اعتبار سے چاند کی پیدائش آج یعنی 23 مئی کو ہوجائے گی اورپاکستان میں کل 24 مئی کو عید الفطر منائی جائے گی جبکہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور وضاحت کرچکے ہیں کہ چاند کے اعلان کا حتمی اختیار رویت ہلال کمیٹی کو ہی ہے۔

Comments

- Advertisement -